49

آزادکشمیر میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شبہ میں 05 نئے کیس درج

مظفرآباد(پی آئی ڈی)24مارچ2020
آزادکشمیر میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شبہ میں 05 نئے کیس درج ہوئے جن کے ٹیسٹ لیکر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کو بھیج دیے ہیں۔محکمہ صحت عامہ آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کی جانب جاری رپورٹ کے مطابق آزادکشمیر میں اب تک کرونا وائرس کے شبہ میں کل 65 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے جن میں سے 42 کے نتائج آچکے ہیں اور 41 افراد میں کرونا وائرس کی موجودگی نہیں پائی گئی جبکہ ایک شخص میں کرونا وائرس پایا گیا ہے اور وہ قرنطینہ سینٹر میرپور میں زیر علاج ہے۔23کے رزلٹ آنا باقی ہیں اور ان کی رپورٹ آئندہ ایک دو روز میں موصول ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ محکمہ صحت کا عملہ آزادکشمیر کے تمام انٹری پوائنٹس پر موجود ہے اور انتظامیہ کے تعاون سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کررہا ہے اور کرونا کا شبہ ہونے کی صورت میں افراد کو قریبی قرنطینہ سینٹرز میں منتقل کیا جارہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایمزمظفرآباد، سی ایم ایچ مظفرآباد، راولاکوٹ، ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میرپور، ڈی ایچ کیو ہسپتال ہٹیاں بالا، نیلم، باغ، حویلی، سدھنوتی، بھمبر، کوٹلی اور نیو سٹی میرپور میں آئسولیشن وارڈز قائم کر دیے گئے ہیں۔ آزاد کشمیر کے تمام انٹری پوائنٹس پر بیرون ملک اور پاکستان سے آنے والے افراد کی مکمل طور سکریننگ کی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں