80

صدر جموں کشمیر پیپلز پارٹی کا دورہ کوٹلی متعدد اہم شخصیات جے کے پی پی میں شامل

کوٹلی ( پ – ر )
ممبر قانون ساز اسمبلی صدر جموں کشمیر پیپلزپارٹی سردار حسن ابراہیم خان کا۔ہنگامی دورہ کوٹلی, نوجوان رہنما امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ راج محل کوٹلی چوہدری شہزاد گلشن ایڈووکیٹ کا استقبالیہ تقریب میں باضابطہ طور پر جموں کشمیر پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان , سینکڑوں سپوٹران کی استقبالیہ تقریب افطار ڈنر میں شرکت , کوٹلی چڑھوئی سے تعلق رکھنے والے چوھدری بشارت نے باضابطہ شمولیت اختیار کر کے جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے ٹکٹ کے لیے درخواست دینے کا فیصلہ کر دیا۔ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قانون ساز اسمبلی صدر جموں کشمیر پیپلزپارٹی سردار حسن ابراہیم خان نے کہا کہ نوجوان رہنما چوہدری شہزاد گلشن ایڈووکیٹ , چوہدری بشارت کی جموں کشمیر پیپلزپارٹی میں شمولیت سردار خالد ابراہیم خان کی جدوجہد اور اور پارٹی کے نظریاتی موقف کی فتح ہے۔ ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں اور اس بات کا یقین دلاتے ہیں کہ جموں کشمیر پیپلزپارٹی استحصالی قوتوں کے خلاف میرٹ کی بالادستی اور رائج الوقت سیاست کی خرافات کے خلاف آپ کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی ۔ جموں کشمیر پیپلزپارٹی کا ماضی گواہ ہے کہ ہم نے کبھی اصولوں پر سودا بازی نہیں کی بلکہ سردار خالد ابراہیم خان نے تاریخ ساز جدوجہد کرتے ہوئے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کرتے ہوئے میرٹ و انصاف کی بالادستی اور عوامی حقوق کی بحالی, صاف و شفاف سیاست کی ترویج کو جلا بخشی , یہی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ہم ریاست کے اندر صاف و شفاف سیاسی نظام کے خواہاں ہیں اور ہماری جنگ اس مافیا سے ہے جو میرٹ و انصاف کا قتلِ عام کرتے ہوئے عام آدمی سے اسکا حق چھین رہا ہے ۔ موجودہ حکومت کی میرٹ کش پالیسیوں سے ادارہ جات مفلوج ہو چکے ہیں ۔ میرٹ و انصاف ناپید ہے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جے کے پی پی تلوار کے نشان پر بھرپور طریقہ سے آمدہ الیکشن میں حصہ لے گی اور مستقبل کی سیاست میں ایک جاندار رول ادا کرے گی۔ چوہدری شہزاد گلشن ایڈووکیٹ , چوہدری بشارت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سردار حسن ابراہیم خان کی قیادت میں ضلع کوٹلی کے اندر رائج الوقت سیاست کی خرافات کے خلاف اپنا بھرپور کردار ادا کریں گئے۔ استقبالیہ تقریب سے سابق صدر جے کے پی پی شیخ فضل کریم ایڈوکیٹ , نائب صدر چوہدری لیاقت ایڈووکیٹ , سیکرٹری جنرل ابرار احمد یاد, مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوید حیات خان , افتخار ایوب ایڈووکیٹ , وائس چئیرمین لائرز ونگ جے کے پی پی عدنان ریاض ایڈووکیٹ , ہجیرہ حلقہ صدر سردار الطاف خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شہزاد گلشن ایڈووکیٹ , چوہدری بشارت کی شمولیت کو سراہا اور مبارکباد پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں