253

لاہور مینڈکوں کی برآمدگی نے پنجاب پولیس کو قانون کی کتب پڑھنے ،ماہرین سے مشاورت پر مجبور کر دیا پولیس کا شق معلوم کرنے کے لیے محکمہ وائلڈ لائف سے بھی رابطہ

لاہور(ویب ڈیسک ) مینڈکو ں کی برآمدگی کے واقعہ نے پنجاب پولیس کو قانون کی کتب پڑھنے اور ماہرین سے مشاورت پر مجبور کر دیا ۔بتایا گیاہے کہ تھانہ شاہدرہ ٹائون کی حدود سے پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مردہ اور زندہ حالات میں بڑی تعداد میں مینڈک برآمد کر لئے ۔پولیس افسران کے لئے اس وقت مشکل کھڑی ہو گئی جب معلوم ہوا کہ ملکی قوانین کے تحت مینڈکوں کی برآمدگی ہونے سے متعلق مقدمہ درج کرنے کے لیے کوئی قانون موجود ہی نہیں ۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق پولیس حکام نے اس سلسلے میں قانون کی شق معلوم کرنے کے لیے محکمہ وائلڈ لائف سے بھی رابطہ کیا تو اسے سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ وہاں سے بتایا گیا کہ مینڈک سے ان کا کوئی تعلق نہیں
پولیس کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اس ضمن میں موقف اپنایا ہے کہ وہ مینڈکوں کو میڈیکل کالجوں کو فراہم کرنے کے لیے اپنے ہمراہ لے جارہے تھے جہاں طلبا ء و طالبات نے ان پر تجربات کرنے تھے۔

ملزمان مینڈکوں کو عرصہ دراز سے مختلف علاقوں کے چھپڑوں،دریائوں اور نالوں وغیرہ سے پکڑتے ہیں۔ڈی ایس پی شاہدرہ نے ملزمان کی حراستگی اور مینڈکوں کی برآمدگی کی تصدیق کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ ملزمان کے خلاف کیا کارروائی کی جائے اس ضمن میں جلد فیصلہ کرلیں گے۔محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے مثبت جواب نہ ملنے پر مینڈکوں کو دریا میں چھوڑ دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں