71

وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کاہفتہ کے روز انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیراہتمام مظفرآباد میں قائم کرونا الرٹ آئی ٹی کنٹرول روم کامعائنہ

مظفرآباد(پی آئی ڈی)
وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ہفتہ کے روز انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیراہتمام مظفرآباد میں قائم کرونا الرٹ آئی ٹی کنٹرول روم معائنہ کیا۔
اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی خان، وزیر آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی، چیف سیکرٹری آزادکشمیر مطہرنیاز رانا، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی، پرنسپل سیکرٹری راجہ امجد پرویز خان،سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ راجہ اظہر اقبال، ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر خالد رفیق اورڈاکٹر بشری شمس بھی موجود تھے۔ا س مو قع پر وزیر اعظم آزادکشمیر نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں تمام محکمہ جات کرونا وائر س کی روک تھام کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر صحت،چیف سیکرٹری، محکمہ صحت، انتظامیہ،پولیس اور دیگر تمام محکمہ جات حکومتی مشینری پوری دلجمعی سے کا م کر ررہی ہے۔ کرونا کی روک تھام کے لئے بیرون ملک سے آنے والے لوگوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لئے آزادکشمیر بھر میں ضلعی، تحصیل،یونین کونسل اور گاؤں کی سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں جو باہر سے آنے والے لوگوں کی معلومات اکٹھی کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں کرونا کے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر بھی بتا رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے زیر اہتمام مقامی سیکرٹری یونین کونسل کی سربراہی میں کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں اور محکمہ صحت عامہ کی قائم کمیٹیوں میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے گھر گھر سے معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ آزادکشمیر کی عوام رضا کارانہ طور پر حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے اور تمام حکومتی پابندیوں کی مکمل پاسداری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باوجود لوگوں پر طاقت کا استعمال نہیں کر رہے اور عوام کے تعاون سے اس موذی وباء سے جلد چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرے۔ جب تک ادوایات نہ آجائیں ہم سب کو سوشل ڈسٹنس برقرار رکھنا ہو گا اور خود کو رضاکارانہ طور پر اپنے لوگوں کی حفاظت کے لئے حکومت سے بھرپور تعاون کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس موقع پر میڈیا نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ عوام کو حفاظتی تدابیر کی آگاہی اور حکومتی اقدامات کے حوالہ سے میڈیا نے جو مثبت کردار ادا کیا ہے وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔قبل ازیں آزادکشمیر کی سیکرٹری اطلاعات وآئی ٹی بورڈ محترمہ مدحت شہزاد نے آئی ٹی بورڈ کے زیر اہتمام قائم کرونا الرٹ منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم پر وزیراعظم آزادکشمیر کو بریفنگ دی۔بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات نے بتایا کہ اس سسٹم کے تحت کرونا کے حوالہ سے ہونے والی تمام سرگرمیوں کا ریکارڈ مرتب کیا جا سکے اور یکم مارچ 2020کے بعد بیرون ملک سے آزادکشمیر کی حدود میں داخل ہونے والے مشتبہ افراد کی معلومات میسر ہوں گی۔ ان افراد کی معلومات متعلقہ ایجنسیزنے آئی ٹی بورڈ کو فراہم کر دی ہیں جو تقریباََ 17303ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالہ سے دس اضلاع کے ڈیسک قائم کر دیئے گئے ہیں جو باہر سے آنے والے لوگوں سے رابطہ کرکے ان کی صحت کے حوالہ سے ہر قسم کی معلومات حاصل کر رہے ہیں اور اگر کسی بھی شخص کی جانب سے کرونا کی کوئی بھی علامت کی معلومات ملتی ہو تو متعلقہ ڈی ایچ او کو بتایا جاتا ہے تاکہ ایسے افراد کا ٹیسٹ کیا جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ لوگوں کی سکریننگ ٹیسٹ کے متعلق معلومات حاصل اکٹھی کرتے ہوئے ڈیٹا بیس قائم کیا گیا ہے تاکہ تمام متعلقہ اداروں کو بروقت ضروری معلومات حاصل ہو سکیں۔سیکرٹری اطلاعات نے بتایا کہ یہ تمام ڈیٹا بیس ajk.gov.pk/corona-virus/پر میسر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ انفارمیشن منیجمنٹ سسٹم میں تمام مشتبہ افراد کی معلومات اپ ڈیٹ کی جاررہی ہیں تاکہ تمام متعلقہ حکام کو قرنطینہ سنٹرز،متاثرہ افراد اور صحت یاب ہونے والے افراد کی معلومات میسر ہو اور اس حوالہ سے تجزیاتی رپورٹ بھی بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں