87

کورونا سے مزید 3 اموات، پاکستان میں ہلاکتیں 26 اور مریضوں کی تعداد 2033 ہوگئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک)کورونا وائرس سے مزید 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد مہلک وائرس سے پاکستان میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 26 ہوگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 2033 تک جاپہنچی ہے۔
منگل کو تین میں سے دو ہلاکت سندھ جبکہ ایک خیبر پختونخوا میں ہوئی۔ صوبہ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کراچی میں مہلک وائرس سے مزید 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 74 اور 70 سالہ شہری  کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں، 74 سالہ شہری دمے اور شوگر کا مریض تھا جس کا 26 مارچ کو ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا تھا اور آج دوران علاج وہ چل بسا۔ 
شہر میں دوسری ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا کراچی کا 70 سالہ رہائشی بھی مختلف بیماریوں میں مبتلا تھا جس میں انتقال کے بعد ٹیسٹ رپورٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
آج ہونے والی ہلاکتوں کے بعد سندھ میں مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی ہے اور اب تک صوبے میں ہونے والی تمام ہلاکتیں کراچی میں ہوئی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں چھٹی ہلاکت کی تصدیق

منگل کو خیبرپختونخوا میں بھی ایک شخص جاں بحق ہوا جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے فوکل پرسن نے کی۔
فوکل پرسن کے مطابق ایک ہفتے قبل انتقال کر جانے والے شخص کی رپورٹ گزشتہ روز موصول ہوئی جس میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔
اس ہلاکت کے بعد مہلک وائرس خیبرپختونخوا میں اب تک 6 زندگیاں نگل چکا ہے جس کے بعد ملک بھر میں ہلاکتیں 26 ہوگئی ہیں۔ 
پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتو ں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 9 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ سندھ میں 8 اور خیبرپختونخوا میں 6 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ 
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 2 اور  بلوچستان میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

پاکستان میں آج کے کیسز کی صورتحال

پاکستان میں آج بروز منگل اب تک کورونا وائرس کے  252 نئے کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے سندھ میں 110، پنجاب 57، گلگت میں 36، خیبرپختونخوا میں 32،   بلوچستان میں 10 اور اسلام آباد میں 7  کیسز سامنے آئے ہیں۔
نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 2033 تک جاپہنچی ہے۔

سندھ

سندھ میں آج کورونا وائرس سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
صوبائی وزیر صحت کے مطابق آج صوبے میں 110 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 676 ہوگئی ہے۔
کراچی میں مریضوں کی تعداد 274، حیدر آباد میں 128 جبکہ دادو اور جیکب آباد میں ایک ایک کیس ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق سکھر قرنطینہ میں 265 اور لاڑکانہ قرنطینہ میں 7 کیسز مثبت ہیں۔
محکمہ صحت نے مزید بتایا کہ صوبے میں اب تک 51 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں منگل کو مزید 57 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 708 ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈیرہ غازی خان زائرین، ملتان، رائے ونڈ اور فیصل آباد قرنطینہ میں 337 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔
ترجمان کے مطابق  لاہور  میں 154، گجرات 72، راولپنڈی 45، جہلم 28، ننکانہ 13، گوجرانوالہ 12، فیصل آباد 9، حافظ آباد اور  ڈی جی خان 5، 5، منڈی بہاوالدین 4، رحیم یار خان، بہاولنگر اور  میانوالی 3، 3 جب کہ نارووال، لودھراں، ملتان، وہاڑی اور سرگودھا میں 2،2 کیس ہیں۔
اس کے علاوہ اٹک، خوشاب، بہاولپور، قصور اور لیہ میں ایک ایک کیسز ہیں۔
گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے جس کےبعد صوبے میں مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی۔
پنجاب میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں میں سے لاہور میں 4، راولپنڈی 3 جب کہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ صوبے میں اب تک 5 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

آج بروز منگل خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے جس کےبعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔
صوبائی حکومت کے فوکل پرسن نے صوبے میں اموات کی تعداد 6 ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ہفتے قبل انتقال کر جانے والے شخص کی رپورٹ گزشتہ روز موصول ہوئی جس میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔
دوسری جانب صوبے میں 32 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 253 تک جاپہنچی ہے۔ 
محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور اور کوہاٹ میں 10، 10، ڈیرہ اسماعیل خان میں 3، مردان، کرم، ہری پور اور باجوڑ میں ایک ایک مریض میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔
اس کے علاوہ ایران سے واپس ڈی آئی خان آنے والے زائرین میں مزید 4 اور کرم میں ایک شخص میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔
واضح رہےکہ کے پی میں اب تک مہلک وائرس کے 2 مریض صحت یاب ہوئے جنہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں آج بروز منگل کورونا وائرس کے مزید 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے ترجمان کی جانب سے کی گئی ہے۔
صوبے میں کورونا وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 154 ہوگئی ہے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ شیخ زاید اسپتال سے کورونا کے 17 مریض مکمل صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں۔
اس قبل بھی بلوچستان میں کورونا وائرس کے 2 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں آج مزید 36 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مجموعی تعداد 178 ہوگئی ہے۔
مشیر اطلاعات شمس میر نے پہلے بتایا کہ 24 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 16 افراد کا تعلق ضلع نگر اور 8 کا تعلق اسکردو سے ہے۔
تاہم بعد میں ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے مزید 12 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد مجموعی تعداد 178 ہوگئی۔
گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے ایک وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ہیں جب کہ ایک کا تعلق محکمہ صحت سے تھا۔
گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

سرکاری پورٹل کے مطابق آج اسلام آباد میں کورونا وائرس کے اب تک 7 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی تعداد 58 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں اتوار کے بعد سے تاحال کورونا وائرس کا اب تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا البتہ اتوار کو 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
آزادکشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی نے مزید 4 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ آزادکشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔
ڈاکٹر نجیب نقی کا کہنا تھا کہ دو مریضوں کا تعلق بھمبر اور دو کا میرپور سے ہے، میرپور میں بیرون ملک سے آئے متاثرہ شخص کے والدین میں بھی کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزیر صحت آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ چاروں مریضوں کے علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد چاروں صوبوں میں لاک ڈاؤن ہے اور ملک بھر میں فوج تعینات ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
آزاد کشمیر میں بھی 24 مارچ سے 3 ہفتوں کا لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم کا لاک ڈاؤن سے پھر انکار ،ٹائیگر فورس، ریلیف فنڈ کے قیام کا اعلان

وزیر اعظم نے ایک بار پھر ملک میں لاک ڈاؤن سے انکار کرتے ہوئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ‘ پرائم منسٹر کورونا ریلیف فنڈ’ کا اعلان کردیا۔ مزید پڑھیں۔۔

سندھ کے لاک ڈاؤن میں مزید سختی

سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید 3 گھنٹے کی سختی کا فیصلہ کیا جس کے بعد شام 5 بجے سے صبح آٹھ 8 تک لاک ڈاؤن میں سختی کی جارہی ہے۔ شام 5 بجے تمام دکانیں بند کرنےکے احکامات ہیں۔

سندھ اور پنجاب میں باجماعات نماز پر پابندی عائد

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ حکومت نے صوبے بھر کی مساجد میں نماز کے اجتماعات پر پابندی عائد کر رکھی ہے جو 5 اپریل تک ہو گی۔
پنجاب حکومت نے بھی اس سلسلے میں ایک حکم نا مہ جاری کرتے ہوئے مساجد میں نمازیوں کی تعداد محدود کرتے ہوئے اجتماعات پر پابندی لگا دی۔

ملک بھر میں تمام مسافر ٹرینیں بند

وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے جس کے تحت 31 مارچ تک مسافر ٹرینیں بند رہیں گی۔ مزید پڑھیں۔۔

علمائے کرام کی عوام کو توبہ استغفار کرنے کی تلقین

ملک کے جید علمائے کرام نے فتویٰ دیا ہے کہ وبا سے احتیاطی تدابیر کو اپنانا نبیﷺ کی سنّت ہے اور توبہ استغفار کے بغیر کورونا وائرس سے چھٹکارا ممکن نہیں۔

کورونا سے انتقال کرنیوالوں کو تابوت میں دفنانے کی ہدایت

خیبر پختونخوا کے محکمہ ریلیف و بحالی نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی تدفین سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کی ہیں جس میں وائرس سے انتقال کرنے والوں کا غسل اور تدفین کرنے والوں کو ماسک، دستانے اور دیگر حفاظتی تدایبر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کو پلاسٹک کور میں بند کرکے تابوت میں دفن کیا جائے، غسل کے دوران استعمال ہونے والی اشیاء کو فوری تلف کیا جائے جب کہ قریبی رشتہ داروں کو میت تابوت کے گلاس پین ونڈو میں دیکھیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں