401

پاک فوج سے میجر عمران بات کر رہا ہوں، نوسربازوں کے نیا طریقہ واردات

اسلام آباد (آن لائن نیوز )قوم کو بیوقوف بنا کر ان سے پیسے بٹورنے والے جعلساز وں نے اب ’جیتو پاکستان ‘اور بے نظیر انکم سپورٹ فنڈ کا سہارا لینا چھوڑ کر اب ’پاک فوج ‘کا نام لے کر لوٹ مار کی کوشش شروع کر دی ہے ، اسی حوالے سے کچھ لوگوں کو کالز موصول ہوئی ہیں جن میں ایک شخص خود کو پاک فوج کا افسر بتاتاہے اور ذاتی معلومات لینے کی کوشش کرتاہے ، اکثر شریف اور معصوم شہری ایسے لوگوں کے جال میں پھنس جاتے ہیں لیکن اگر آپ کو بھی کبھی اس طرح کی ٹیلیفون کال آئے تو ہرگز معلومات فراہم مت کریں بلکہ قانون نافذکرنے والے ادارے سے فوری رابطہ کریں اور اپنی شکایت فوری طور پر درج کروائیں ۔

شہریوں کی طرف سے کی گئی شکایات میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ نوسر بازوں‌نے شریف اور معصوم لوگوں کو بیوقوف بنا کر ان سے بنک اور اے ٹی ایم کارڈ کی معلومات لینے کیلئے پاک آرمی کے نام کا استعمال شروع کر دیا ہے. اگر آپکا بنک اکاؤنٹ نمبر یا اے ٹی ایم کارڈ نمبر انکے ہاتھ لگ گیا تو منٹوں میں آپ کے اکاؤنٹ‌کا صفایا کر سکتے ہیں. اسلئے ہوشیار رہیں اور اپنی ذاتی، بنک اکاؤنٹ یا کسی بھی قسم کی معلومات فون پر کسی کو بھی نہ دیں.

تفصیلات کے مطابق عام شہریوں کی جانب سے دو کالز کی ریکارڈنگ موصول ہوئی ہے جس میں ایک شخص خود کو پاک فوج کا میجر ظاہر کرتاہے اور کہتاہے کہ میں میجر عمران بات کر رہاہوں اور آپ سے کچھ معلومات حاصل کرنے کیلئے رابطہ کیا گیاہے ۔آڈیو ریکارڈنگ کے مطابق وہ شخص کہتاہے کہ آپ سے مردم شماری اور بائیومیٹرک کے بارے میں معلومات لینی تھی. سب سے پہلے اس شخص نے استعمال ہونے والے نمبر کی بائیو میٹرک تصدیق کے حوالے سے معلومات لیں.

مزید کچھ دیر کی گفتگو کے بعد فراڈیے نے پریشر ڈالنے کیلئے کہا کہ آپ کا نمبر ریڈ زون میں آ گیاہے جس کے باعث ہم آپ سے معلومات لے رہیں اور یہ کال پاک فوج کی جانب سے ہے اور شہری سے معلومات لینے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہے تاہم شہری کی حاضر دماغی نے اسے بچا لیا.

شہری کی جانب سے کچھ تصدیقی سوالات کے جواب میں نوسرباز آئیں بائیں شائیں‌کر کے راہ فرار اختیار کر لیتا ہے.

ریکارڈنگ سنئے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں